ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آندھراپردیش میں حاملہ خاتون کی اسپتال منتقلی کے دوران موت

آندھراپردیش میں حاملہ خاتون کی اسپتال منتقلی کے دوران موت

Sat, 08 Sep 2018 11:40:58    S.O. News Service

وزیانگرم8؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) آندھراپردیش کے وزیانگرم میں پیش آئے ایک بدبختانہ واقعہ میں ایک حاملہ قبائلی خاتون اسپتال لے جاتے ہوئے راستہ میں لڑکے کو جنم دینے کے بعد درد زہ کے تاب سے جانبر نہ ہوسکی۔

 تفصیلات کے مطابق وزیانگرم شہر سے سات کیلو میٹر دوری پر واقع ولاسیاچنتلہ سالور دیہات کے عوام کیلئے آمد و رفت کی سہولت کے فقدان کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

بتایاگیا ہے کہ مذکورہ دیہات سے شہر جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔ یہ واقعہ 4 ستمبر کو پیش آیا جب قبائلی حاملہ خاتون کو زچگی کے لئے شہر جانے کے لئے حمل و نقل کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ڈولی میں لے جایا جارہا تھا کہ خاتون نے ایک لڑکے کو جنم دیا اور دواخانہ پہنچنے سے قبل ہی وہ تکلیف برداشت نہ کرسکی اور موت کو گلے لگالیا۔

رپورٹ کے مطابق مقامی لوگ اس طرح کے ہنگامی حالات میں خواتین کو پالکی میں ڈال کر وزیانگرم لے جایا کرتے ہیں۔ سات کیلو میٹر طویل فاصلہ طئے کرنے کے لئے قبائیلیوں کو پہاڑی اور پتھریلے راستے سے گزرناپڑتا ہے۔ میڈیکل ایمرجنسی کیلئے مقامی لوگوں کو دوسرا کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔ مذکورہ متوفی خاتون کو بھی گھانس کے بنڈ میں لپیٹ کر لکڑی سے تیار کردہ ڈولی نما گاڑی میں لے جارہا تھا اور یہی طریقہ مریضوں کو لے جانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ارباب مجاز کو دیہات میں سہولتوں کے فقدان سے کئی مرتبہ توجہ مبذول کرائی لیکن حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

جاریہ سال اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں 29 جولائی کو بھی حاملہ قبائلی خاتون نے راستہ میں بچہ کو جنم دیا لیکن نومولود بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے موت کو گلے لگالیا۔ مذکورہ واقعات حکام کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔ عوامی نمائندے پانچ سال میں ایک مرتبہ ہی دیہاتوں کا رخ کرتے ہوئے قبائلی عوام کو سبزباغ دکھاکر اپنا الو سیدھا کرکے رفو چکر ہوجاتے ہیں۔


Share: